ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان کو سست بیٹنگ کی وجہ سے رینیگیڈز کے کپتان نے زبردستی ریٹائر کر کے باہر بلا لیا۔
میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان نے صرف 23 گیندوں پر 26 رنز بنائے، جن میں 9 گیندوں پر وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ ان کی اننگز میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم ان کا اسٹرائیک ریشو صرف 113 رنز فی 100 گیند تھا۔
اس دوران رینیگیڈز کے کپتان نے رضوان کو اشارہ کرتے ہوئے انہیں فوراً گراونڈ سے باہر آ جانے کا کہا اور ان کی جگہ دوسرے بیٹر کو بیٹنگ کے لیے بھیج دیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر شدید ردعمل دیکھنے کو ملا، جہاں صارفین نے رضوان کی بیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے کہا کہ رضوان کو فوری طور پر ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔
کمنٹری پینل میں موجود سابق آسٹریلوی کرکٹر نے بھی رینیگیڈز کے کپتان کے فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ انہیں رضوان کو دو اوورز پہلے ہی باہر بلا لینا چاہیے تھا۔