اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلے میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت نے ہمیں آوٹ کلاس کیا ہے اورآئیندہ میچ کے حوالے سے ٹیم کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کے لیے اہم فیصلے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹین مائیک ہیسن نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کے بعد کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کر دیا اور اس کارکردگی کے بعد ڈریسنگ روم میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایشان کشن نے شاندار اننگز کھیلی اور وہ میچ ہم سے لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کا یہی کردار تھا اور انہیں درست وقت پر استعمال کیا گیا، تاہم ٹیم کی بیٹنگ اچھی نہیں رہی۔ ایشان کشن نے ہمارے اسپنرز پر دباؤ ڈالا۔ ان کے مطابق پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا کیونکہ پہلی اننگز میں گیند زیادہ اسپن ہو رہی تھی۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے ٹیم کو بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ ہماری ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں، کوئی بڑی پارٹنرشپ قائم نہ ہو سکی۔ ہم گزشتہ دو ماہ سے اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے لیکن آج پیچھے رہ گئے.
ذرائع کے مطابق کوچنگ اسٹاف نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ممکنہ تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے۔ پلیئنگ الیون میں ردوبدل، بیٹنگ آرڈر کی ازسرنو ترتیب اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے جیسے آپشنز زیر غور ہیں۔
مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دباؤ کے لمحات میں بہتر فیصلے کرنے اور میچ فنش کرنے کی صلاحیت میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکست سے سیکھ کر حکمت عملی میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ آئندہ مقابلوں میں مضبوط واپسی ممکن ہو سکے۔