کولمبو(نیوز ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ بڑے میچ کے لئے کولمبو کا میدان سج گیا ہے، کل پاکستان اور بھارت کے درمیان اعصاب کی جنگ ہو گی، کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں شائقین روایتی حریفوں کا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کے لئے بے چین ہیں۔
ایک جانب میچ کا بے چینی سے انتظار ہے تو دوسری جانب پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے اس اہم میچ کیلئے سر جوڑ لیے ہیں کہ کس کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جائے، ٹیم میں دو تبدیلیوں کی توقع ہے۔ بھارت کے خلاف فخر زمان اور خواجہ نافع کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے، بھارت کے خلاف کون سے کھلاڑی میدان میں اتریں گے اس کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل ہو جائے گا۔